
اطلاعات کے مطابق آئی فون 17 سیریز کے ماڈلز پاکستان کی گرے مارکیٹ میں پہنچ چکے ہیں، جہاں قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق آئی فون 17 کی نئی کاسمک اورنج ورائٹی کی قیمت نان-پی ٹی اے ورژن میں 5 لاکھ 20 ہزار روپے تک جا پہنچی ہے۔ تاہم گرے مارکیٹ سے خریداری میں صارفین کو متعدد خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، جن میں آفیشل وارنٹی کی عدم دستیابی، ہارڈویئر میں چھیڑ چھاڑ اور غیر معیاری سیلرز کی من مانی قیمتیں شامل ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرین محفوظ خریداری کیلئے مجاز ڈسٹری بیوٹرز کو ترجیح دینے کا مشورہ دے رہے ہیں۔
پاکستان کی ایک معروف ٹیلی کام کمپنی نے ایپل کے آفیشل ڈسٹری بیوٹر مرکنٹائل پاکستان کے ساتھ شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔ اس تعاون کے تحت آئی فون 17 سیریز کو باقاعدہ اور مجاز چینلز کے ذریعے لانچ کیا جائے گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے صارفین کو نہ صرف اصلی پروڈکٹس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی بلکہ آفیشل وارنٹی اور سپورٹ بھی فراہم ہوگی۔
مرکنٹائل پاکستان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آفیشل چینلز سے فروخت کیے جانے والے تمام آئی فونز براہِ راست ایپل کی مینوفیکچرنگ فیکٹری سے درآمد ہوں گے۔ ان کے ساتھ ایک سال کی اسٹینڈرڈ وارنٹی کے ساتھ مزید ایک سال کی ایکسٹینڈڈ وارنٹی شامل ہوگی، جس سے صارفین کو کل دو سال کی مکمل کوریج ملے گی۔
دوسری جانب کمپنی نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ آئی فون 17 سیریز کی پری بکنگ جلد شروع کی جائے گی، تاہم حتمی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔