آسٹریلیا میں کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بنانے پر پابندی عائد
 آسٹریلین حکومت نے 16 سال سے کم عمر بچوں پر سوشل میڈیا اکاؤنٹس بنانے پر پابندی عائد کردی۔
فائل فوٹو
کینبرا: (ویب ڈیسک) آسٹریلین حکومت نے 16 سال سے کم عمر بچوں پر سوشل میڈیا اکاؤنٹس بنانے پر پابندی عائد کردی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 16 سال سے کم عمر صارفین کی مکمل پابندی عائد ہوگی، پابندی دسمبر 2025 سے نافذ العمل ہوگی جبکہ خلاف ورزی پر بھاری جرمانے کیے جانے کا امکان ہے۔

ابتدائی طور پر ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا تھا، تاہم اب حکومت نے اپنا فیصلہ واپس لیتے ہوئے یوٹیوب کو بھی ان پلیٹ فارمز میں شامل کر دیا ہے جن پر دسمبر سے پابندی نافذ کی جائے گی۔

علاوہ ازیں ٹک ٹاک، انسٹاگرام، فیس بک، ایکس (ٹوئٹر) اور اسنیپ چیٹ پر بھی پابندی لاگو ہو گی، آن لائن گیمنگ، میسجنگ، تعلیمی اور صحت سے متعلق ایپس کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے کیونکہ انہیں کم عمر صارفین کے لیے نسبتاً کم خطرناک سمجھا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ کالز کیلئے حیران کن فیچر کا اضافہ

آسٹریلوی وزیراعظم نے اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا کی دنیا بچوں کے لیے نقصان دہ ہے، ہم جانتے ہیں یہ مسئلہ ایک دن میں حل نہیں ہوگا، مگر آغاز ضروری ہے۔

آسٹریلیا کے وفاقی وزیر مواصلات اینیکا ویلز نے کہا کہ اگرچہ سوشل میڈیا کے کچھ مثبت استعمال بھی ہیں لیکن بچوں کو نشانہ بنانے والے خطرناک الگورتھمز کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔