گوگل نے 10 سال بعد اپنا لوگو تبدیل کر دیا
ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ گوگل نے اپنے مشہور زمانہ لوگو "G" کو ایک دہائی بعد اپ ڈیٹ کر دیا
گوگل نے 10 سال بعد اپنا لوگو تبدیل کیا/فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ گوگل نے اپنے مشہور زمانہ لوگو "G" کو ایک دہائی بعد اپ ڈیٹ کر دیا۔ نئے ڈیزائن میں رنگوں کا جدید امتزاج اور گریڈینٹ اسٹائل متعارف کرایا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گوگل نے اپنے لوگو "G" میں موجود پہلے کے چار ٹھوس رنگوں (سرخ، پیلا، سبز اور نیلا) کو ختم کر کے اب ایک گریڈینٹ انداز اپنایا ہے، جس میں رنگ ایک دوسرے میں مدھم ہوتے ہوئے شامل ہوئے ہیں۔ مثال کے طور پر، سرخ رنگ آہستہ آہستہ پیلے میں، پیلا سبز میں اور سبز نیلے رنگ میں تبدیل ہوتا ہے۔ یہ تبدیلی نہ صرف جمالیاتی لحاظ سے دلکش ہے بلکہ گوگل کی جدید ٹیکنالوجی، بالخصوص  Gemini AI، کے بصری انداز سے ہم آہنگ بھی ہے۔

نیا لوگو فی الحال iOS کے گوگل سرچ ایپ میں شامل کر دیا گیا ہے اور کمپنی کے مطابق جلد ہی Android صارفین کے لیے بھی یہ تبدیلی متعارف کرائی جائے گی۔ تاہم، گوگل نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس کا مرکزی لوگو، یعنی "Google" کے چھ حروف والا علامتی نام، فی الحال اپنی اصل حالت میں ہی برقرار رہے گا اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

اس تبدیلی کے بعد ایک اہم سوال یہ بھی سامنے آیا ہے کہ آیا گوگل اپنے دیگر مشہور پراڈکٹس جیسے جی میل، گوگل کروم، میپس (Gmail، Google Chrome،Maps ) وغیرہ کے لوگو کو بھی تبدیل کرے گا ؟ فی الحال گوگل کی جانب سے ان پراڈکٹس کے آئیکنز میں کسی تبدیلی کا اعلان نہیں کیا گیا، لیکن امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مستقبل میں ان کے ڈیزائن میں بھی گریڈینٹ اسٹائل اپنایا جا سکتا ہے تاکہ تمام برانڈ پراڈکٹس میں ہم آہنگی پیدا ہو۔

ماہرین کے مطابق یہ تبدیلی گوگل کی برانڈنگ حکمت عملی میں ایک اہم موڑ کی نمائندگی کرتی ہے۔ گوگل کا یہ نیا بصری انداز مصنوعی ذہانت کی اہمیت اور بڑھتے ہوئے استعمال کو اجاگر کرتا ہے۔ اگرچہ یہ تبدیلی بظاہر معمولی محسوس ہوتی ہے، لیکن صارفین کے لیے یہ ایک نمایاں اور مثبت بصری تجربہ ہے جو گوگل کی مستقبل کی سمت کا عندیہ بھی دیتا ہے۔