گوگل کی جانب سے صارفین کو فراڈ سے بچانے کیلئے اے آئی فیچرز متعارف
گوگل نے آن لائن فراڈ کی بڑھتی ہوئی شرح کے پیش نظر اپنے صارفین کو محفوظ رکھنے کے لیے مصنوعی ذہانت سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
گوگل (فائل فوٹو)
کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) گوگل نے آن لائن فراڈ کی بڑھتی ہوئی شرح کے پیش نظر اپنے صارفین کو محفوظ رکھنے کے لیے مصنوعی ذہانت سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ گوگل کروم، گوگل سرچ اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے چند نئے فیچرز متعارف کرا رہی ہے جو اے آئی پر مبنی ہوں گے۔

ان فیچرز کی بنیاد جیمنائی نانو نامی آن ڈیوائس لارج لینگوئج ماڈل پر رکھی گئی ہے جو صارفین کے ڈیٹا کو لوکل رہتے ہوئے تجزیہ کرتا ہے، گوگل کروم میں شامل ایک نئے فیچر کے ذریعے صارفین کو مشتبہ یا نقصان دہ ویب سائٹس سے خبردار کیا جائے گا تاکہ ان کا آن لائن تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

مزید برآں، گوگل ایک ایسے فیچر پر بھی کام کر رہا ہے جو ویب سائٹس کی طرف سے آنے والے اسپام نوٹیفکیشنز کو پہچان کر کروم براؤزر میں فوری الرٹس فراہم کرے گا، اس فیچر کی بدولت ناپسندیدہ مواد کو نہ صرف شناخت کیا جائے گا بلکہ اسے خودکار طور پر بلاک بھی کیا جائے گا۔

صارفین کو یہ اختیار بھی حاصل ہوگا کہ وہ یہ جان سکیں کہ کون سا مواد بلاک کیا گیا ہے اور اگر وہ سمجھتے ہوں کہ کسی وارننگ میں غلطی ہوئی ہے تو وہ اسے ریورس بھی کر سکیں گے۔

گوگل کا ایک اور اہم قدم گوگل میسجز اور فون بائی گوگل ایپس میں "اسپام ڈیٹیکشن" فیچر کا اضافہ ہے، یہ نیا فیچر اینڈرائیڈ صارفین کو مشکوک فون کالز اور میسجز کے بارے میں بروقت خبردار کرے گا تاکہ وہ کسی ممکنہ فراڈ سے بچ سکیں۔