اسکائپ ہمیشہ کیلئے بند، وجہ کیا بنی؟
مائیکروسافٹ نے دنیا بھر میں استعمال ہونے والے مشہور ویڈیو کالنگ پلیٹ فارم
مشہور ویڈیو کالنگ پلیٹ فارم اسکائپ/ فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) مائیکروسافٹ نے دنیا بھر میں استعمال ہونے والے مشہور ویڈیو کالنگ پلیٹ فارم "اسکائپ" کو 22 سال بعد بند کرنے کا اعلان کر دیا جس نے صارفین کو حیرت میں مبتلا کر دیا.

اسکائپ وہ ایپ تھی جس نے 2003 میں اپنی سروس کا آغاز کیا اور ویڈیو کالنگ کی دنیا میں انقلاب برپا کیا۔ مگر اب، ٹیکنالوجی کی دنیا میں تیزی سے ہونے والی تبدیلیوں کے پیش نظر، مائیکروسافٹ نے اپنی تمام تر توجہ نئے پلیٹ فارم "مائیکروسافٹ میٹنگ" پر مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، مائیکروسافٹ کے اس فیصلے کے پیچھے سب سے بڑی وجہ "مائیکروسافٹ میٹنگ" کی بڑھتی ہوئی مقبولیت ہے، جس کے باعث کمپنی نے پرانے پلیٹ فارم اسکائپ کو ختم کر دیا ہے۔ میٹنگ ایک جدید ویڈیو میٹنگ سروس ہے جو نہ صرف انفرادی بلکہ گروپ ویڈیو کالز، چیٹ، اور فائل شیئرنگ کی سہولیات بھی مفت فراہم کرتی ہے۔

مائیکروسافٹ کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق، اسکائپ کی وہ تمام خصوصیات جنہیں صارفین نے پسند کیا، اب "میٹنگ" میں شامل کر دی گئی ہیں، بلکہ ان میں مزید بہتری بھی کی گئی ہے تاکہ صارفین کو زیادہ مؤثر اور جدید تجربہ حاصل ہو سکے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران "میٹنگ" کے صارفین کی تعداد میں چار گنا اضافہ ہوا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ اس نئی سروس کو تیزی سے اپنا رہے ہیں۔

اسکائپ کو بند کرنے کا فیصلہ بظاہر ایک دور کے اختتام کی علامت ہے، کیونکہ یہ پلیٹ فارم کئی برسوں تک ویڈیو کالنگ کا سب سے پسندیدہ ذریعہ رہا۔ دنیا بھر میں لاکھوں لوگ، خاص طور پر کورونا وائرس کے دوران، اسکائپ کے ذریعے اپنے پیاروں، ساتھیوں اور دفاتر سے رابطے میں رہے۔

اب مائیکروسافٹ کی پوری توجہ "میٹنگ" پر ہے، اور کمپنی اسے آئندہ کے لیے اپنی ویڈیو کمیونیکیشن سروسز کا مرکزی مرکز بنانے جا رہی ہے۔ اسکائپ کے بند ہونے سے کئی صارفین کو افسوس تو ضرور ہوگا، لیکن نئی سروس کے جدید فیچرز سے وہ ایک بہتر تجربہ حاصل کر سکیں گے۔