میڈیا میں انقلاب، اے آئی سے تیار کردہ پہلا اخبار شائع
Il Foglio AI Edition
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) دنیا بھر میں جہاں آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی ٹیکنالوجی مختلف شعبوں میں انقلاب لا رہی ہے، وہیں اٹلی میں اے آئی کی مدد سے دنیا کا پہلا اخبار شائع کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کے اخبار Il Foglio نے 18 مارچ کو اپنے اس تاریخی ایڈیشن کو آن لائن اور عام دکانوں پر فروخت کیلئے پیش کیا، جسے اے آئی ٹیکنالوجی نے تیار کیا۔

اخبار کے ایڈیٹر کلاڈیو کریسا کے مطابق یہ دنیا کا پہلا روزنامہ اخبار ہے جس کا پورا ایڈیشن اے آئی کی مدد سے ترتیب دیا گیا ہے۔ اس ایڈیشن میں تحریریں، شہ سرخیاں، سمریز اور دیگر تمام مواد اے آئی کی مدد سے تخلیق کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس 4 صفحات پر مشتمل اخبار میں مختلف اہم خبروں کو شامل کیا گیا، جن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں ایک اسٹوری، روسی صدر ولادی میر پیوٹن پر ایک کالم اور اٹلی کی معیشت پر ایک تفصیلی رپورٹ شامل تھی۔ ان سبھی مواد میں گرامر کی کوئی غلطی نہیں تھی اور خبریں بالکل سادہ اور واضح طریقے سے پیش کی گئیں۔

اخبار کے آخری صفحے پر اے آئی کی مدد سے ایڈیٹر کے نام قاریوں کے خطوط بھی تیار کیے گئے تھے۔ یہ تجربہ اس وقت کیا گیا جب دنیا بھر کے میڈیا ادارے اے آئی کو اپنے کام میں شامل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاکہ ان کی خدمات اور مواد کی تیاری میں جدت آ سکے۔

Il Foglio کے ایڈیٹر کا کہنا تھا کہ یہ تجربہ ایک حقیقی اخبار کا تھا، اس کا مقصد یہ جانچنا تھا کہ اے آئی ٹیکنالوجی کا عملی استعمال کس حد تک ممکن ہے۔ یہ قدم میڈیا کی دنیا میں ایک نیا باب رقم کرنے کے مترادف ہے اور مستقبل میں اے آئی کے مزید استعمال کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔