سورج کی روشنی سے چارج ہونے والا لیپ ٹاپ متعارف
Lenovo Yoga Solar PC
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) چین کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ’لینوو‘ نے ایک نیا اور منفرد تصوراتی لیپ ٹاپ متعارف کرایا ہے جو صرف 20 منٹ میں سورج کی روشنی سے چارج ہو جائے گا۔

یہ لیپ ٹاپ صارفین کو ’ورک فرام سن‘ (Work from Sun) کے تصور کی طرف راغب کرے گا، جو کام کرنے کے روایتی طریقے کو بدل کر ایک نیا ماحول فراہم کرے گا۔

موبائل ورلڈ کانگریس میں اس لیپ ٹاپ کا اعلان کیا گیا، جسے ’یوگا سولر پی سی‘ کا نام دیا گیا ہے۔

ذہن نشین رہے کہ ابتدائی طور پر 2023 میں اس کا تصور پیش کیا گیا تھا، مگر اب یہ جون 2025 میں 3,499 ڈالرز کی قیمت پر یہ لیپ ٹاپ دستیاب ہوگا۔

خیال رہے کہ حیران کن طور پر یہ لیپ ٹاپ 20 منٹ میں سورج کی روشنی سے فوری چارج ہو جائے گا، اور ایک گھنٹے کا ویڈیو پلے بیک فراہم کرے گا۔ اس کا وزن صرف 1.22 کلوگرام ہوگا اور موٹائی 15 ملی میٹر تک ہوگی، جو اسے انتہائی پتلا اور ہلکا بناتا ہے۔

مزید برآں لیپ ٹاپ کی پشت پر چھوٹے شمسی پینلز نصب ہوں گے، جو مختلف ذرائع سے روشنی حاصل کر کے بیٹری کو چارج کریں گے، تاہم یہ زیادہ تر سورج کی روشنی سے توانائی حاصل کرے گا۔

اس کے ساتھ ساتھ لینووو کا ’ڈائنامک سولر ٹریکنگ سسٹم‘ بھی موجود ہوگا، جو صارفین کو یہ دکھائے گا کہ سولر پینل کتنا کرنٹ اور وولٹیج پیدا کر رہا ہے۔ یہ انقلابی ٹیکنالوجی نہ صرف ماحول دوست ہے بلکہ صارفین کو نئی توانائی کی دنیا میں قدم رکھنے کا موقع بھی دے گی۔