
گوگل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ ایپ اینڈرائیڈ صارفین کیلئے اپنے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز، لائلٹی کارڈز اور بورڈنگ پاسز جیسی چیزوں تک رسائی کا ایک محفوظ،انتہائی آسان اور مددگار طریقہ ہے۔
علاوہ ازیں اس ایپ میں ادائیگیوں کو مزید محفوظ اور بہتر بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔
گوگل کے مطابق پاکستانی صارفین 12 مارچ سے گوگل پلے اسٹور کی مدد سے ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرکے استعمال کرسکتے ہیں۔
گوگل کے مطابق یہ والٹ ایپ دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کیلئے استعمال ہورہا ہے۔
گوگل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر فرحان قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام تیزی سے ترقی کی منازل طے کرہا ہے، اور زیادہ سے زیادہ لوگ آن لائن اور کانٹیکٹ لیس ادائیگیوں کا رستہ اپنا رہے ہیں۔ اسی لیے گوگل والیٹ ایک ایسا محفوظ اور آسان حل فراہم دے رہا ہے، جو صارفین کو بغیر کسی رکاوٹ کے ادائیگی کرنے، خریداری کرنے اور سفر کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
گوگل والٹ کیا ہے؟
خیال رہے کہ گوگل والیٹ کو پہلے گوگل پے کے نام سے جانا جاتا تھا، یہ ایک ڈیجیٹل بٹوا ہے، جہاں صارف اپنے مختلف کارڈز اور دستاویزات محفوظ کر سکتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق گوگل والیٹ کے ذریعے ہونے والی ادائیگیاں انکرپٹڈ ہوتی ہیں، یعنی ہر خریداری کیلئے ایک کوڈ بھیجا جاتا ہے، جو لین دین کے عمل کو محفوظ بناتا ہے۔
واضح رہے کہ اس ایپ میں صارفین اپنے بینک کارڈز، بورڈنگ پاسز، ٹکٹس اور دیگر اہم ڈیجیٹل دستاویزات محفوظ کر سکتے ہیں۔ ڈیٹا کو تحفظ دینے کیلئے انکرپشن اور جدید سیکیورٹی فیچرز استعمال کیے گئے ہیں، تاکہ معلومات محفوظ رہیں۔
مزید برآں سفر کے دوران صارفین اپنے بورڈنگ پاسز تک فوری رسائی بھی حاصل کر سکتے ہیں،گوگل کا کہنا ہے کہ گوگل والیٹ کی بدولت صارفین کو فزیکل کارڈز ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
گوگل والیٹ کہاں دستیاب ہوگا؟
آج سے بینک الفلاح، بینک آف پنجاب، فیصل بینک نور، ایچ بی ایل، جاز کیش، میزان بینک اور یو بی ایل کے کارڈ ہولڈرز اپنے کارڈز کو گوگل والیٹ میں شامل کر کے اپنے اینڈرائیڈ فون ڈیوائسز کے ذریعے ادائیگی کر سکتے ہیں۔
اسی طرح سے الائیڈ بینک، ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک، جے ایس بینک اور زندگی میں بھی جلد ہی گوگل والیٹ میں اپنے کارڈز شامل کر سکیں گے۔
ذہن نشین رہے کہ گوگل والیٹ میں شامل کیے گئے کارڈز کو نہ صرف فزیکل اسٹورز پر کانٹیکٹ لیس پیمنٹس کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے، بلکہ آن لائن خریداری یا موبائل ایپس میں بھی ادائیگی کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
مزید یہ کہ کچھ مشہور آن لائن برانڈز جیسے کہ اونک، گل احمد، ثنا سفیناز، جے ڈاٹ پر صارفین ان برانڈز کی ویب سائٹس یا ایپس پر بھی گوگل والیٹ کے ذریعے آسانی سے ادائیگی کو ممکن بنا سکیں گے۔
اس کے علاوہ صارفین بٹک ایئر اور تھائی ایئرویز کے بورڈنگ پاسز بھی گوگل والیٹ میں محفوظ کر سکتے ہیں۔
گوگل کے مطابق ایپ مسافروں کو روانگی کے وقت اور گیٹ میں تبدیلیوں کے بارے میں بروقت اطلاع دے گی، تاکہ ان کا سفر آسان ہو۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ جلد ہی مزید بینک کارڈز کو بھی گوگل والیٹ میں شامل کرنے کی سہولت دی جائے گی۔