
اس بائیک کا نام "اسکائی رائیڈر ایکس 1" ہے، جو سڑک پر بھی چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ہوا میں اُڑ بھی سکتی ہے،جس سے نقل و حمل کا ایک مزید نیا باب کھل گیا ہے۔
واضح رہے کہ چینی کمپنی "رکٹر" کی طرف سے متعارف کی جانے والی اس بائیک کی رفتار 60 میل فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے، یہ ایک بٹن کے دبانے سے سڑک سے آسمان تک اُڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔اس بائیک کے جدید اور منفرد ڈیزائن نے دنیا بھر میں اس ٹیکنالوجی کے شائقین کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔
اسکائی رائیڈر ایکس 1 سڑک پر برقی بائیک کی طرح چلائی جا سکتی ہے، مگر جیسے ہی اس کے چاروں بازو کھولے جائیں گے، یہ ایک فضائی بائیک میں بدل جائے گی اور پنکھوں کی مدد سے اُڑنا شروع کر دے گی۔
اس بائیک کے دو ورژن دستیاب ہوں گے: ایکس 1 ایس ایل اور ایکس 1 ایس ایکس۔ ایکس 1 ایس ایل کم قیمت ورژن ہے، جس میں 25 منٹ تک فضاء میں پرواز کرنے کی صلاحیت ہے، جبکہ ایکس 1 ایس ایکس میں بڑی بیٹری نصب ہے اور یہ 40 منٹ تک پرواز کر سکے گی۔
اسکائی رائیڈر ایکس 1 میں ایمرجنسی پیراشوٹ بھی شامل کیا گیا ہے، جو کسی حادثے کی صورت میں سوار کی حفاظت کیلئے فراہم کیا گیا ہے۔
اس نئی بائیک کی رونمائی سے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں انقلاب آنے کی توقع کی جارہی ہے، جو مستقبل میں شہریوں کے سفر کو مزید سہل اور تیز تر بنا دے گی۔