برازیل میں ’ایکس‘ پر عائد پابندی ختم

October, 10 2024
برازیلیہ:(ویب ڈیسک)برازیل کی سپریم کورٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر عائد پابندی کو ختم کر دیا ہے، تاہم اس کے ساتھ بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ کے جج الیگزینڈرا موریس نے ’ایکس‘ کی پابندی کو ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پلیٹ فارم کو ملک میں دوبارہ کام کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔
یہ فیصلہ اس وقت آیا جب سپریم کورٹ کے احکامات کی عدم تعمیل پر سوشل میڈیا کمپنی کو بھاری مالی جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔ رپورٹ کے مطابق عدالت کے فیصلے کے بعد لاکھوں ڈالرز کی ادائیگی کے بعد پابندی ہٹا لی گئی۔
یاد رہے کہ برازیل کی سپریم کورٹ نے سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلانے کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر ایلون مسک کی سربراہی میں کام کرنے والی کمپنی ’ایکس‘ پر دباؤ ڈالا تھا۔
عدالت نے ایلون مسک سے برازیل میں فیک نیوز سے نمٹنے کے لیے ایک مقامی دفتر قائم کرنے کی درخواست کی تھی، جسے ایلون مسک نے مسترد کر دیا تھا۔
دفتر کھولنے سے انکار کے بعد، سپریم کورٹ نے ’ایکس‘ کے خلاف سخت اقدام کرتے ہوئے ملک بھر میں اس کی سروسز کو معطل کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ تاہم، کمپنی کی جانب سے مالی جرمانہ ادا کرنے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی سروسز بحال کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔