ایلون مسک کا 'آئرن مین' طرز کا سوٹ بنانے کا اعلان
Image
کیلیفورنیا:(ویب ڈیسک) اسپیس ایکس اور ٹیسلا کمپنی کے مالک ایلون مسک نے ایک غیر متوقع اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئرن مین طرز کا میٹل سوٹ آف آرمور (زرہ) بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
 
یہ بیان انہوں نے اس وقت دیا جب انہوں نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کے بعد ان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
 
اتوار کے روز، ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر ایک صارف کے جواب میں ایلون مسک نے کہا کہ "شاید اب وقت آگیا ہے کہ یہ فلائنگ میٹل سوٹ آف آرمور بنایا جائے۔" کچھ لوگوں نے تجاویزپیش کیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کے بعد انہیں اپنی سیکیورٹی بھی سخت کردینی چاہیے۔
 
ایلون مسک نے دعویٰ کیا کہ گذشتہ 8 ماہ میں 2 افراد نے ان کی جان لینے کی کوشش کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ  "مستقبل خطرناک وقت ہے" اور بتایا کہ ان مبینہ حملہ آوروں کو ٹیکساس میں ٹیسلا ہیڈکوارٹرز کے قریب گرفتار کیا گیا تھا۔
 
بلومبرگ نیوز کے مطابق، دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے ڈونلڈ ٹرمپ کی الیکشن مہم کیلئے کام کرنے والی پولیٹیکل ایکشن کمیٹی  امریکا پی اے سی  کو رقم عطیہ کی ہے۔ انہوںنے کہا، "میں صدر ٹرمپ کی مکمل حمایت کرتا ہوں اور ان کی جلد صحت یابی کی امید کرتا ہوں۔"
 
ڈونلڈ ٹرمپ پر پنسلوانیا کے دیہی علاقے میں انتخابی مہم کے دوران قاتلانہ حملہ ہوا۔ گولی ان کے دائیں کان میں لگی اور سیکرٹ سروس کے ایجنٹوں نے فوری طور پر انہیں وہاں سے لے جایا۔ 
 
حملے میں ایک شخص جان سے گیا اور دو شدید زخمی ہوئے۔ حملہ آور کی شناخت 20 سالہ تھامس میتھیو کروکس کے نام سے ہوئی ہے۔
 
ایلون مسک نے سابق صدر کے خون آلود چہرے کے ساتھ سٹیج سے باہر لے جانے والی تصویر پوسٹ کرنے کے بعد سیکرٹ سروس پر ممکنہ نااہلی کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ "یہ انتہائی نااہلی ہے یا جان بوجھ کر ہونے دیا گیا۔"
 
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا ایپ  ٹروتھ سوشل  پر سیکرٹ سروس کا شکریہ ادا کیا اور ریلی میں مارے گئے شخص کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ انہوں نے کہا، "یہ ناقابل یقین ہے کہ ہمارے ملک میں اس طرح کی کارروائی ہو سکتی ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ وہ حملے کے بعد بھی "مزاحمت پسند اور دلیر" ہیں۔