پاکستانی قومی کرکٹرز کو بڑا دھچکا
رپورٹس کے مطابق اگست میں چار ٹیموں پر مشتمل ون ڈے ٹورنامنٹ کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے باعث متعدد قومی کھلاڑیوں کو کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کیلئے این او سی ملنے کا امکان انتہائی کم ہو گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی اس وقت ون ڈے ٹورنامنٹ کیلئے کھلاڑیوں کے انتخاب پر کام کر رہا ہے، تمام وائٹ بال کرکٹرز کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ اگست میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں شرکت لازمی ہوگی۔ اسی وجہ سے غیر ملکی لیگز کیلئے این او سی جاری کرنے کی پالیسی بھی محدود کیے جانے کا امکان ہے۔
کیریبیئن پریمیئر لیگ 7 اگست سے 20 ستمبر تک شیڈول ہے، تاہم اس ایونٹ میں شرکت کے خواہشمند کئی پاکستانی کھلاڑیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سفیان مقیم، سعد مسعود، عثمان خان اور سلمان ارشاد کو این او سی نہ ملنے کا امکان ہے، معاذ صداقت کو پہلے جاری کیا گیا این او سی بھی عملی طور پر غیر مؤثر ہو سکتا ہے کیونکہ ان کی شرکت بھی اب غیر یقینی دکھائی دے رہی ہے۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے یہ فیصلہ آئندہ سیزن میں ہونے والے عالمی کپ کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا بورڈ چاہتا ہے کہ زیادہ سے زیادہ ون ڈے میچز کے ذریعے باصلاحیت کھلاڑیوں کو آزمایا جائے اور قومی ٹیم کیلئے مضبوط اسکواڈ تیار کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:رونالڈو کی پنالٹی سے قبل بسم اللّٰہ پڑھنے کی ویڈیو وائرل
کرکٹ ماہرین کے مطابق پی سی بی کا یہ اقدام عالمی کپ کی تیاری کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے، تاہم اس سے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی فرنچائز لیگز میں کھیلنے، تجربہ حاصل کرنے اور مالی فوائد سے محروم ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔