سرفراز احمد نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
Sarfaraz Ahmed retirement
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ کے کامیاب ترین کپتانوں میں شمار ہونے والے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد نے بین الاقوامی کرکٹ سے باضابطہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

ان کے اس اچانک فیصلے نے کرکٹ کے مداحوں کو اداس کر دیا، تاہم انہوں نے ایک شاندار ورثہ پیچھے چھوڑا ہے۔

واضح رہے کہ سرفراز احمد پاکستان کے واحد کپتان ہیں جنہوں نے جونیئر اور سینئر دونوں سطحوں پر عالمی اعزازات حاصل کیے۔ 2006 میں ان کی قیادت میں پاکستان نے انڈر 19 ورلڈ کپ جیتا اور پھر 2017 میں بھارت کو فائنل میں شکست دے کر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا تاریخی ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ان کی قیادت میں ہی پاکستان ٹی 20 رینکنگ میں طویل عرصے تک دنیا کی نمبر ون ٹیم رہا۔

سرفراز نے پاکستان کی جانب سے 54 ٹیسٹ، 117 ون ڈے اور 61 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے، انہوں نے مجموعی طور پر 6 ہزار 164 رنز بنائے اور وکٹوں کے پیچھے 315 کیچز اور 56 اسٹمپنگز کیں۔

سابق کپتان نے مجموعی طور پر 100 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی قیادت کی، حکومتِ پاکستان نے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں 2018 میں تمغہ امتیاز اور پرائڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا تھا۔

ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا ہے، چیمپئنز ٹرافی کی جیت میرے کیریئر کا سب سے یادگار لمحہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل 11 کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی

 

 

 

انہوں نے بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور فخر زمان جیسے کھلاڑیوں کی کامیابیوں پر فخر کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کرکٹ ہمیشہ ان کے دل کے قریب رہے گی۔

دوسری جانب کرکٹ شائقین کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کا جانا صرف ایک کھلاڑی کی ریٹائرمنٹ نہیں بلکہ اس لڑاکا جذبے کا رخصت ہونا ہے جس نے پاکستانی کرکٹ کو دوبارہ عالمی سطح پر باوقار بنایا۔

ضرور پڑھیں