بھارت کیخلاف میچ سے قبل بابر اعظم کا ویڈیو بیان آگیا
قومی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم
ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت سے میچ سے قبل قومی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کا ویڈیو بیان سامنے آیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف اہم میچ سے قبل قومی ٹیم کے تجربہ کار بلے باز بابر اعظم کا ویڈیو بیان سامنے آگیا۔

ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت سے میچ سے قبل قومی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کا ویڈیو بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہمیشہ ہی بہت زیادہ شدت والا ہوتا ہے، ناصرف دونوں ممالک کے لوگ بلکہ پوری دنیا کی نظریں اس میچ پر ہوتی ہیں جس کی وجہ سے میچ ایک مختلف لیول پر چلا جاتا ہے اور کھلاڑیوں سے توقعات بھی بڑھ جاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت ٹاکرا بارش کے باعث منسوخ ہونے کا خدشہ

بابر اعظم نے کہا کہ میں ایسے بہت سے میچز کا حصہ رہا ہوں اور میں نے یہ سیکھا ہے کہ اس میچ کے لیے جتنا خود کو ٹھنڈا رکھیں گے، آرام دہ رکھیں گے اور باہر کی آوازوں پر توجہ دینے کی بجائے میچ پر فوکس رکھیں گے تو اتنا اچھا پرفارم کر پائیں گے۔

انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا البتہ اس میچ کا جوش ہوتا ہے، لیکن کھلاڑی جتنا خود کو ٹینشن فری رکھیں گے اتنا ان کے لیے اچھا ہے۔

یاد رہے پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا ہائی وولٹیج میچ کل سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

سری لنکا کے محکمہ موسمیات نے پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں کولمبو میں بارش کی پیشگوئی بھی کر رکھی ہے تاہم شائقین کرکٹ پرامید ہیں کہ اتوار کے روز ایک اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔