ٹی 20 ورلڈکپ میں شرکت نہ کرنے کی صورت میں پلان بی تیار
PCB World Cup plan
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں شرکت نہ کرنے کی صورت میں متبادل پلان تیار کر لیا۔

ذرائع کے مطابق اس حوالے سے آج وزیراعظم شہباز شریف سے پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کی ملاقات شیڈول ہے۔ ان ملاقاتوں کے بعد ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت یا عدم شرکت کے حوالے سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی ورلڈکپ میں شمولیت کے فیصلے کے بعد ہی قومی ٹیم کی حتمی کٹ کی رونمائی کی جائے گی۔ اگر ٹیم ورلڈکپ میں شرکت نہیں کرتی تو کٹ کی رونمائی نہیں ہوگی اور ٹیم کے ارکان کا اعلان مؤخر ہو جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنے تیار کردہ پلان کے تحت فیصلہ کیا ہے کہ اگر پاکستان ٹی 20 ورلڈکپ میں حصہ نہیں لیتا تو لاہور میں 4 ٹیموں کا ٹورنامنٹ منعقد کیا جائے گا، جس سے ملکی کرکٹ کی سرگرمیاں برقرار رہیں گی اور شائقین کرکٹ کو تفریح فراہم کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی سپنرز نے ٹی20 کرکٹ میں انوکھا ریکارڈ بنا ڈالا

ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے، اس فیصلے کے بعد تمام انتظامات، کرکٹرز کی حاضری اور ٹورنامنٹ کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔ پی سی بی اس متبادل پلان کے ذریعے یقینی بنانا چاہتا ہے کہ قومی کرکٹ سرگرمیاں اور شائقین کیلئے تفریح کا سلسلہ بغیر رکاوٹ جاری رہے۔

دوسری جانب شائقین کرکٹ میں بے چینی اور تجسس پایا جا رہا ہے کہ پاکستان ٹیم ورلڈکپ میں حصہ لے گی یا نہیں، آج ہونے والے فیصلے سے صورتحال واضح ہو جائے گی۔