پاکستانی سپنرز نے ٹی20 کرکٹ میں انوکھا ریکارڈ بنا ڈالا
Pakistan spinners record
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں پاکستانی سپنرز نے ایک نیا تاریخی ریکارڈ قائم کر دیا۔

آسٹریلیا کیخلاف لاہور میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کے سپنرز نے مخالف ٹیم کی تمام 10 وکٹیں حاصل کر کے شائقین کرکٹ کیلئے ایک یادگار لمحہ تخلیق کر دیا۔

اس تاریخی کامیابی میں ابرار احمد اور شاداب خان نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، عثمان طارق نے 2، جبکہ صائم ایوب اور محمد نواز نے 1،1 وکٹ حاصل کر کے مجموعی طور پر آسٹریلوی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یہ ٹی 20 انٹرنیشنل کی تاریخ میں اننگز کی تمام وکٹیں سپنرز کے نام ہونے کا مجموعی طور پر 10 واں موقع ہے اور فل ممبرز کے درمیان میچ میں یہ صرف دوسرا واقعہ ہے۔

اس سے قبل بھارت کے سپنرز نے 2022 میں فلوریڈا میں ویسٹ انڈیز کیخلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا، جب تمام 10 وکٹیں اسپنرز کے حصے میں آئیں۔

یہ بھی پڑھیں:نپاہ وائرس، ورلڈ کپ کی بھارت سے منتقلی کیلئے آوازیں اٹھنے لگیں

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے 3 میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹی 20 میں آسٹریلیا کو 90 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کی تھی۔ گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے، جبکہ آسٹریلوی ٹیم مقررہ 20 اوورز سے قبل 16 ویں اوور میں صرف 108 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستانی سپنرز کی یہ شاندار کارکردگی نہ صرف ٹیم کی فتح کی ضمانت بنی بلکہ بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی مضبوط باؤلنگ لائن کو بھی مزید مستحکم کیا۔ شائقین کرکٹ نے اس کامیابی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے سپنرز کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔