ذرائع کا کہنا ہے کہ کٹ کی رونمائی ناگزیر وجوہات کی بنیاد پر منسوخ کی گئی ہے، تاہم اس فیصلے کی باضابطہ تفصیلات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔ کرکٹ سے وابستہ حلقوں کے مطابق اس منسوخی کی ایک بڑی وجہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت یا ممکنہ بائیکاٹ سے متعلق غیر یقینی صورتحال بھی ہو سکتی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کی ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ تاحال نہیں ہو سکا، جس کے باعث اس اہم تقریب کو مؤخر یا منسوخ کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: پہلا ٹی 20: پاکستان نے آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دیدی
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور حکومتی سطح پر اس معاملے پر مشاورت جاری ہے اور امکان ہے کہ پاکستان کی ورلڈکپ میں شرکت کا فیصلہ پیر تک سامنے آ جائے گا۔ اس سے قبل چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی بھی واضح کر چکے ہیں کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ پیر کے روز کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے 26 جنوری کو اسلام آباد میں وزیرِ اعظم اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے سرپرستِ اعلیٰ شہباز شریف سے ملاقات کی تھی، جس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے متعلق اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران پاکستان ٹیم کی شرکت، سیکیورٹی خدشات اور دیگر سفارتی و انتظامی پہلوؤں پر رہنمائی حاصل کی گئی تھی۔
دوسری جانب شائقین کرکٹ اس صورتحال پر خاصے پریشان دکھائی دیتے ہیں، کیونکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز 7 فروری سے ہو رہا ہے اور شیڈول کے مطابق پاکستان اپنے تمام میچز سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلے گا۔ ٹیم کی کٹ کی رونمائی منسوخ ہونے سے یہ تاثر مضبوط ہوا ہے کہ معاملات ابھی مکمل طور پر طے نہیں ہو سکے۔