راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے 211 رنز بنائے، مہمان ٹیم مقررہ 50 اوورز بھی پورے نہ کھیل سکی اور پوری ٹیم 46ویں اوور میں پویلین لوٹ گئی۔
سری لنکا کی جانب سے سدیرا سمارا وکرما 48 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان کوشال مینڈس نے 34، پاون رتھنا یاکے نے 31، کامل مشارا نے 29 جبکہ پاتھم نسانکا نے 24 رنز سکور کیے۔
مہمان ٹیم کے کمینڈو مینڈس 10، مہیش تھکشانا اور پرامود مدھوشن 7،7 جبکہ جینتھ لیانیج اور جیفری وینڈرسے 4،4 رنز ہی بنا سکے۔
پاکستان کیجانب سے محمد وسیم جونیئر نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، حارث رؤف اور فیصل اکرم نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کپتان شاہین آفریدی اور فہیم اشرف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ وکٹ کی کنڈیشنز دیکھ کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا، تمام کھلاڑی اچھی فارم میں ہیں، آخری دو سیریز سے تمام پلیئرز اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں، راولپنڈی کی وکٹ پر 290 رنز اچھا ہدف ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کے ہاتھوں پہلے ون ڈے میں سری لنکا کو 6 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا، جبکہ دوسرے ون ڈے میں بھی پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔