ورلڈ بلائنڈ ویمن ٹورنامنٹ، پاک بھارت ٹیموں میں بھی جوڑ پڑے گا
پہلے ورلڈ بلائنڈ ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان بھی جوڑ پڑے گا۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پہلے ورلڈ بلائنڈ ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان بھی جوڑ پڑے گا۔

شیڈول کے مطابق پہلے عالمی بلائنڈ ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں کل بروز اتوار 16 نومبر کو ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گی۔

قومی ویمن بلائنڈ ٹیم کی کپتان نرما رفیق نے بھارت کے خلاف میچ میں ٹیم کی بہترین کارکردگی کی توقع کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں میزبان سری لنکا کے خلاف 221 رنز کی زبردست فتح سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ میں فتح کا عزم لیے میدان میں اتریں گے، بھارت کے خلاف میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں کھیلے جانے والے ایونٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کے خلاف بغیر کسی نقصان کے 331 رنز بنائے، پاکستانی آل راؤنڈر مہرین علی نے محض 78 گیندوں پر ناقابل شکست 230 رنز کی اننگ کھیل کر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

یہ بھی پڑھیں: آٹھ گیندوں پر 8 چھکے، تیز ترین نصف سنچری کا ورلڈ ریکارڈ قائم

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم 110 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی، قومی ٹیم کی جانب سے نور فاطمہ، حوریہ ملک ، سمیرا ملک نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ پاکستان ایونٹ میں اپنا تیسرا میچ 18 نومبر کو نیپال کے خلاف کھیلے گا جبکہ اگلے روز چوتھے میچ میں قومی ویمن بلائنڈ ٹیم کا آسٹریلیا سے جوڑے پڑے گا، 20 نومبر کو پاکستان اور امریکا ویمن بلائنڈ ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔