فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں گرین شرٹس نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کیلئے میدان میں اتری مگر پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹک سکی، پوری ٹیم 37.5 اوورز میں صرف 143 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک نے 53 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، جبکہ یوہان ڈی پریٹوریس نے 39 رنز بنائے، دیگر کھلاڑی نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ شاہین آفریدی، محمد نواز اور سلمان علی آغا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن نے پُراعتماد آغاز کیا، صائم ایوب نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک چھکے اور 11 چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔ بابر اعظم نے 27 رنز اسکور کیے جبکہ فخر زمان بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوگئے، میچ کے اختتام پر محمد رضوان 32 اور سلمان آغا 5 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے۔
پاکستان نے 26ویں اوور میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔
واضح رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ دوسرا میچ جنوبی افریقہ کے نام رہا، تیسرے میچ میں فتح کے بعد گرین شرٹس نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔