پہلا ٹی 20: جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 55 رنز سے شکست دے دی
تین ٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 55 رنز سے شکست دے دی۔
فوٹو بشکریہ کرکٹ ویب سائٹ
راولپنڈی: (سنو نیوز) تین ٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 55 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے جنوبی افریقہ نے مقررہ 20 اوورز میں میزبان ٹیم کو جیت کیلئے 195 رنز کا ہدف دیا جبکہ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم صرف 139 رنز ہی بنا سکی۔

میزبان پاکستان کی جانب سے صائم ایوب 37 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد نواز نے 36 اور صاحبزادہ فرحان نے 24 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ بابر اعظم کا بلا آج بھی نہ چل سکا اور بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔

کپتان سلمان آغا بھی غیر ذمہ دارانہ کھیلتے ہوئے صرف 2 رنز بنا ہی ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے جبکہ عثمان خان 12، حسن نواز 3 اور فہیم اشرف ایک رن بنا کر چلتے بنے، شاہین آفریدی 4 جبکہ نسیم شاہ 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کوربن بھوش نے 4، جارج لنڈے نے 3، لیزڈ ویلیم نے 2 اور لنگی نگڈی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل مہمان ٹیم جنوبی افریقہ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کے ریزا ہینڈرکس نے40 گیندوں پر60 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی ،جارج لنڈے نے 36 ،ٹونی ڈی زورزی نے 33 ،کوئنٹن ڈی کوک نے 23 رنز بنائے،ڈونوان فریرا 10، ڈیوالڈ بریوس 9،کوربن بھوش 7 اور میتھیو بریزکے ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 3 اور صائم ایوب نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین آفریدی،ابرار احمد اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

لیفٹ آرم باؤلر شاہین آفریدی سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے، شاہیں آفریدی نے چاراوورز میں 45 رنز دئیے۔