میڈیا رپورٹس کے مطابق سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلتے ہوئے ویرات کوہلی نے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ کے دوران سابق سری لنکن بلے باز کمار سنگاکارا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ ویرات کوہلی نے 81 گیندوں پر 74 رنز کی اننگ کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا اور سنگاکارا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ون ڈے انٹرنیشنل کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے بلے باز بن گئے۔
خیال رہے کہ ویرات کوہلی اب تک 57.71 کی اوسط سے 305 میچز میں75 نصف اور 51 سنچریوں کی بدولت 14 ہزار 255 رنز بنا چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11 کے میزبان شہروں کا اعلان
واضح رہے کہ سنگاکارا سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز میں اب تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں جنہوں نے 404 میچز میں 14 ہزار 234 رنزبنا رکھے ہیں، جن میں ان کی 93 نصف سنچریاں اور 25 سنچریاں شامل ہیں۔
ذہن نشین رہے کہ ون ڈے کرکٹ فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ اب بھی بھارتی لیجنڈ سچن ٹنڈولکرکے پاس ہے، جنہوں نے 463 میچز 44.83 کی اوسط سے 18 ہزار 426 رنز بنائے ہیں، جن میں ان کی 96 نصف سنچریاں اور 49 سنچریاں شامل ہیں۔