
پی سی بی ذرائع کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقہ کے خلاف قومی ٹی ٹوئنٹی سکواڈ فائنل کرلیا ہے جس میں سٹار بلے باز بابراعظم کی ٹیم میں واپسی کا امکان ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ صائم ایوب اورمحمد حارث بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے،ایشیاء کپ میں دونوں بیٹرز نے ناقص پرفارمنس دی تاہم سلیکٹرز،کوچز اور کپتان نے دونوں کھلاڑیوں کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
بورڈ ذرائع کے مطابق فاسٹ باؤلرز حسن علی اور حارث رؤف بھی ٹیم میں شامل ہوں گے جبکہ نسیم شاہ کی بھی ٹی ٹوئنٹی میں واپسی کا امکان ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ مڈل آرڈرز خوشدل شاہ اورحسین طلعت کو ٹی 20 سکواڈ سے ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، عرفان نیازی کی بھی اسکواڈ میں واپسی متوقع ہے جبکہ ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان کی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں جگہ بنانی مشکل ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان-جنوبی افریقہ سیریز، ٹکٹوں کی قیمتوں کا اعلان
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی یا ون ڈے سے آرام کروائے جانے کا امکان تاہم اس حوالے سے تاحال حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا، جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان وائٹ بال اسکواڈ کا اعلان آئندہ ہفتے متوقع ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا پہلا ٹی 20 میچ 28 اکتوبر کو راولپنڈی، دوسرا 31 اکتوبر کو قذافی سٹیڈیم لاہور جبکہ تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ یکم نومبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔