ویمن ٹیم کی بلے باز شوال ذوالفقار کے والد کا انتقال کرگئے
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی باصلاحیت بیٹر شوال ذوالفقار کے والد، ذوالفقار احمد انتقال کر گئے
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی باصلاحیت بیٹر شوال ذوالفقار کے والد، ذوالفقار احمد انتقال کر گئے/ فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی باصلاحیت بیٹر شوال ذوالفقار کے والد، ذوالفقار احمد انتقال کر گئے، ان کے انتقال کی خبر سے کرکٹ حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی۔

تفصیلات کے مطابق مرحوم ذوالفقار احمد کو سیالکوٹ کے نواحی علاقے میں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نمازِ جنازہ میں اہلِ خانہ، قریبی رشتہ داروں، دوستوں اور علاقے کے معززین نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق شوال ذوالفقار کے والد گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے اور مختلف امراض میں مبتلا ہونے کے باعث زیر علاج تھے۔ تاہم طبیعت زیادہ خراب ہونے پر ان کا انتقال ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں:مشتعل ہجوم منتشر، سعد رضوی سمیت چند رہنما فرار

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی شوال ذوالفقار سے ان کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پی سی بی کے ترجمان کے مطابق، ٹیم انتظامیہ، کوچنگ اسٹاف، اور شوال کی تمام ساتھی کھلاڑیوں نے ان کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا ہے۔ شوال ذوالفقار کے لیے دلی ہمدردی کے پیغامات جاری کیے گئے اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔
کوچنگ اسٹاف اور ساتھی کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ شوال ایک نہایت باصلاحیت، مہذب اور مثبت رویے کی حامل کھلاڑی ہیں، اور اس مشکل گھڑی میں پوری ٹیم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے مرحوم کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا کا اہتمام کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ شوال اور ان کے اہلِ خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔
شوال ذوالفقار پاکستان ویمن ٹیم میں ابھرتی ہوئی نوجوان کھلاڑی ہیں جنہوں نے مختصر عرصے میں اپنی شاندار بیٹنگ سے قومی ٹیم میں جگہ بنائی۔ ان کے والد کی وفات سے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ ان کے مداحوں کو بھی شدید رنج پہنچا ہے۔ مرحوم ذوالفقار احمد کے انتقال پر کرکٹ برادری کے مختلف شعبوں سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔