ایشیا کپ فائنل: پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کو حتمی شکل دے دی گئی
Asia Cup 2025 Final Teams
فائل فوٹو
دبئی: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ 2025 کے فائنل میچ کیلئے پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کو حتمی شکل دے دی گئی۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان سنسنی خیز معرکہ آج متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں کھیلا جائے گا، جہاں دونوں روایتی حریف 41 سال میں پہلی بار ایشیا کپ کے فائنل میں ایک دوسرے کے مدِمقابل آئیں گے۔

پاکستانی ٹیم کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اوپنر حسن نواز کی واپسی کا کوئی امکان نہیں جبکہ صائم ایوب کے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کی جاسکتی ہے۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ فاسٹ بولر حارث رؤف مکمل فٹ قرار دے دیے گئے ہیں اور وہ آج کے اہم میچ میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

دوسری جانب بھارتی ٹیم میں بھی بڑے فیصلے کیے گئے ہیں۔ فاسٹ بولر جسپریت بمرا اور آل راؤنڈر شیوم دوبے کی واپسی یقینی ہے، جبکہ ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر ابھیشک شرما بھی مکمل فٹ ہیں۔ اس کے علاوہ تلک ورما کو بھی فائنل کیلئے تیار قرار دیا گیا ہے۔

پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے فائنل سے قبل کہا ہم جانتے ہیں کہ اس موقع پر کیا کرنا ہے، اگر آپ ایسے میچز جیتیں تو یہ ثابت کرتا ہے کہ آپ ایک خاص ٹیم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بولرز اور فیلڈرز نے اب تک شاندار کارکردگی دکھائی ہے اور ٹیم بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

دوسری جانب کرکٹ شائقین اس تاریخی مقابلے کیلئے بے حد پرجوش ہیں اور ایک سنسنی خیز فائنل دیکھنے کے منتظر ہیں۔