
بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کیخلاف کارروائی کے بعد اب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ کیخلاف بھی باضابطہ شکایت درج کرا دی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے آئی سی سی کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ارشدیپ سنگھ نے 31 ستمبر کو پاک بھارت میچ کے دوران تماشائیوں کی جانب انتہائی نازیبا اور غیر اخلاقی اشارے کیے۔
درخواست کے متن کے مطابق یہ رویہ نہ صرف آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے کھیل کی ساکھ کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
پی سی بی نے مؤقف اپنایا کہ عالمی کرکٹ ایونٹس کے دوران کھلاڑیوں کے ایسے غیر ذمہ دارانہ اقدامات ناقابل قبول ہیں۔ کھیل کو صاف ستھرا اور کھیل کے جذبے کے مطابق رکھنا ضروری ہے، اس لیے ارشدیپ سنگھ کیخلاف فوری اور سخت ایکشن لیا جائے تاکہ مستقبل میں دیگر کھلاڑیوں کیلئے بھی مثال قائم ہو۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کیخلاف بھی پی سی بی نے آئی سی سی میں شکایت دائر کی تھی، جس میں ان پر میچ کے دوران غیر شائستہ رویے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
اب ارشدیپ کیخلاف شکایت سامنے آنے کے بعد اس معاملے نے مزید شدت اختیار کر لی ہے اور آئی سی سی کی جانب سے ردعمل کا انتظار ہے۔



