
ایشیا کپ کے دوران دیے گئے متنازعہ بیان پر پاکستان کی جانب سے کی گئی شکایت کے بعد آئی سی سی نے معاملہ باضابطہ طور پر دیکھنا شروع کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان نے سوریا کمار یادیو کے سیاسی جملوں پر میچ ریفری کو رپورٹ جمع کرائی تھی جسے سنجیدگی سے لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق میچ ریفری رچی رچرڈسن اس پورے معاملے کی نگرانی کر رہے ہیں۔ پاکستان کی طرف سے 2 آفیشل رپورٹس جمع کرائی گئیں، جن میں موقف اپنایا گیا کہ سوریا کمار یادیو نے کھیل کے تقدس کو نقصان پہنچایا اور غیر مناسب ریمارکس دیے۔
میچ ریفری نے بھارتی ٹیم مینجمنٹ کو ای میل کے ذریعے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے سوریا کمار کے الفاظ کھیل کی ساکھ کے منافی ہیں، ان کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ اگر آئی سی سی نے شواہد کو تسلیم کر لیا تو بھارتی کپتان کو جرمانے یا معطلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی نے پی سی بی کی شکایت کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے اور جلد اس پر باضابطہ سماعت ہوگی۔ اس پیش رفت کے بعد ایشیا کپ میں سوریا کمار یادیو کی مشکلات بڑھتی نظر آ رہی ہیں۔
دوسری جانب کرکٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ کارروائی عمل میں آتی ہے تو یہ نہ صرف سوریا کمار بلکہ بھارتی ٹیم کیلئے بھی بڑا دھچکا ثابت ہو سکتا ہے۔



