ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی: پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان فیصلہ کن معرکہ
Pakistan vs Bangladesh T20
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ ٹی 20 کے سپر فور مرحلے کا سب سے اہم اور فیصلہ کن مقابلہ آج دبئی اسٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس میچ کی جیت دونوں ٹیموں کیلئے فائنل کا ٹکٹ ہے، جہاں فاتح ٹیم بھارت کیخلاف ٹائٹل کی جنگ لڑے گی۔

ایونٹ کے اب تک کے سفر پر نظر ڈالیں تو پاکستان اور بنگلادیش دونوں نے اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں، تاہم سپر فور مرحلے میں آج کا دن دونوں میں سے ایک کیلئے سب کچھ بدل سکتا ہے۔

پاکستان کو فائنل میں جگہ بنانے کیلئے ہر صورت ٹائیگرز کو شکست دینا ہوگی۔

اعداد و شمار کی بات کریں تو دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 16 ٹی 20 میچز کھیلے گئے، جن میں پاکستان نے 14 جبکہ بنگلادیش نے صرف دو کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

موجودہ ایونٹ میں پاکستانی اسکواڈ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بھی موجود ہے۔ کپتان سلمان علی آغا اور اوپنر صائم ایوب فارم میں نہ ہونے کے باعث دباؤ میں ہیں، جبکہ آج کے میچ میں نوجوان بلے باز حسن نواز کی شمولیت بھی متوقع ہے۔

دوسری جانب فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ٹیم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائنل میں بھارت ہو یا کوئی اور ٹیم، ٹرافی پاکستان ہی لے گا۔

یاد رہے کہ بھارت پہلے ہی بنگلادیش کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا چکا ہے، اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ پاکستان ٹائیگرز کو زیر کر کے روایتی حریف بھارت کیخلاف ایک اور بڑا ٹاکرا یقینی بناتا ہے یا نہیں۔