
دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں بھارت کی جانب سے دیے گئے 169 رنز کے ہدف کی تعاقب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 127 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے اوپنر بیٹر سیف حسن 51 گیندوں پر 69 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کی اننگ میں 5 چھکے اور تین چوکے شامل تھے، پرویز حسین نے 21 رنز سکور کیے جبکہ باقی کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکا۔
بنگلہ دیش کے بلے باز تنزید حسین ایک، توحید ہریدوئے 7، کپتان جاگر علی اور محمد صفی الدین 4،4 ، رشاد حسین 2 جبکہ مستفیض الرحمان 6 رنز ہی بنا سکے جبکہ شمیم حسین اور تنظیم حسن ثاقب بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے۔
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادو نے تین، جسپریت بمراہ اور ورون چکرورتھی نے 2،2 جبکہ اکشر پٹیل اور تلک ورما نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے، بھارت کی جانب سے ابھیشیک شرما 37 گیندوں پر 75 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کی اننگ میں 5 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔
بھارت کے ہاردک پانڈیا 38،شبمن گل 29 رنز بنا سکے، کپتان سوریا کمار یادو اور تلک ورما نے 5،5 رنز سکور کیے ،شیوم دوبے 3 گیندوں پر 2 رنز بنا کرآؤٹ ہو گئے جبکہ اکشر پٹیل نے 10 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے رشاد حسین نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ تنظیم حسن ثاقب، مستفیض الرحمان اور محمد صفی الدین نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
یوں بھارت نے ایشیا کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، پاکستان کو فائنل میں پہنچنے کے لیے بنگلا دیش کو شکست دینا ہو گی، ایشیا کپ کا فائنل میچ 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔



