دنیائے کرکٹ کے عظیم امپائر ڈکی برڈ انتقال کر گئے
Dickie Bird death
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) دنیائے کرکٹ کے مشہور و معروف امپائر ڈکی برڈ 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

کرکٹ کے میدان میں اپنی منفرد شخصیت اور غیر متنازعہ فیصلوں کے باعث انہوں نے دنیا بھر میں نام کمایا۔

ڈکی برڈ نے اپنے شاندار کیریئر کے دوران 66 ٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کی جبکہ 69 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں بھی خدمات انجام دیں۔

انہوں نے 7 ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل مقابلوں میں بھی امپائر کے فرائض سر انجام دیے۔ خاص طور پر ورلڈ کپ کے اہم اور فیصلہ کن میچز، بشمول فائنل میچ میں ان کی موجودگی ان کے مقام اور اعتماد کی علامت تھی۔

انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے ڈکی برڈ نے امپائرنگ سے قبل کرکٹر کے طور پر بھی فرائض سرانجام دیے،جس میں انہوں نے 93 فرسٹ کلاس میچز کھیلے۔ تاہم انہیں عالمی شہرت امپائرنگ کے شعبے میں ملی، جہاں وہ کھلاڑیوں اور شائقین دونوں میں یکساں مقبول تھے۔

یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی نے امریکا کی رکنیت معطل کر دی

ان کے انتقال پر یارکشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈکی برڈ نہ صرف ایک عظیم امپائر تھے بلکہ کھیل کے سچے سفیر بھی تھے۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈکی برڈ کا نام ہمیشہ کرکٹ کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا، کیونکہ انہوں نے کھیل کی روح اور غیر جانبداری کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔