آئی سی سی نے امریکا کی رکنیت معطل کر دی
ICC suspends USA
فائل فوٹو
لاہور: (وب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے امریکا کی رکنیت معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔

یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب امریکا کرکٹ بورڈ مسلسل اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں ناکام رہا۔

آئی سی سی حکام کے مطابق امریکا کرکٹ نے بارہا وعدے اور یقین دہانیاں کرائیں مگر ان پر عملدرآمد نہ ہوسکا۔ امریکا اولمپک اور پیرا اولمپک کمیٹی کے ساتھ نیشنل گورننگ باڈی کا درجہ حاصل کرنے کیلئے مناسب پیش رفت بھی نہ کرسکا، جس کے باعث رکنیت معطلی کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق رکنیت معطلی کا مقصد کھلاڑیوں کے مفادات اور کھیل کے مستقبل کو نقصان سے بچانا ہے۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ امریکا کی قومی ٹیموں کو تاحال آئی سی سی ایونٹس اور 2028 اولمپکس کی تیاریوں میں شرکت کی اجازت ہوگی تاکہ کھلاڑی براہِ راست متاثر نہ ہوں۔

یہ بھی پڑھیں:نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے پی سی بی نے بڑا قدم اٹھا لیا

واضح رہے کہ سال 2024 کے اجلاس میں کرکٹ امریکا کو معاملات درست کرنے کیلئے ایک سال کا وقت دیا گیا تھا، تاہم اس مدت میں بھی خاطر خواہ بہتری نظر نہ آئی۔ اس دوران کرکٹ امریکا کو بارہا انتباہ جاری کیا گیا لیکن بورڈ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں ناکام رہا۔

کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا میں کرکٹ کو فروغ دینے کیلئے یہ فیصلہ ایک جھٹکا ہے، تاہم کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع دینا خوش آئند ہے۔

اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ امریکا کرکٹ اگلے چند ماہ میں اپنی پالیسیوں میں کس حد تک بہتری لا پاتا ہے اور اس سلسلے میں کیا قدم اٹھاتا ہے۔