نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے پی سی بی نے بڑا قدم اٹھا لیا
PCB talent hunt
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نئے کرکٹ ٹیلنٹ کی تلاش اور نکھار کیلئے ملک گیر سطح پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز کر دیا۔

اس پروگرام کا افتتاح چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کیا، جہاں انہوں نے ٹرافی کی رونمائی کی اور شریک اسکول ٹیموں کو کٹ بیگز بھی تقسیم کیے۔

رپورٹس کے مطابق اس ایونٹ میں ملک بھر سے 391 اسکولز حصہ لے رہے ہیں، جو نئی نسل میں چھپے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے ایک بڑا پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام پاکستان کرکٹ کے روشن مستقبل کیلئے انتہائی اہم ہے، امید ہے کہ اس ایونٹ سے ایسے کھلاڑی سامنے آئیں گے جو آگے چل کر قومی ٹیم میں شامل ہو کر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:ایشیا کپ: پاکستان اور سری لنکا کا ڈو آر ڈائی مقابلہ آج ہوگا

واضح رہے کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت بہترین کارکردگی دکھانے والے نوجوان کھلاڑیوں کو انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 ریجنل ٹیموں کے ساتھ ساتھ کرکٹ اکیڈمیوں میں بھی جگہ دی جائے گی۔ اس عمل سے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی کوچنگ اور تربیت حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

دوسری جانب کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا یہ قدم پاکستان میں جونیئر کرکٹ کے ڈھانچے کو مضبوط کرنے اور گراس روٹ لیول پر کھلاڑیوں کو تیار کرنے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔