
کرکٹ شائقین اس سنسنی خیز مقابلے کیلئے بے حد پُرجوش ہیں، کیونکہ دونوں ٹیموں نے ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی۔
واضح رہے کہ رواں سیریز میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان دو میچز کھیلے گئے تھے، جن میں ایک میں گرین شرٹس نے فتح حاصل کی جبکہ دوسرے میں افغان ٹیم فاتح رہی۔ اس طرح دونوں ٹیموں نے ایک ایک کامیابی حاصل کی اور اب فیصلہ کن مقابلہ آج کھیلا جائے گا۔
گرین شرٹس نے فائنل سے قبل آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی میں بھرپور پریکٹس کی، کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں اپنی تیاری مکمل کرنے پر توجہ دی۔ ٹیم منیجمنٹ پرامید ہے کہ کھلاڑی بھرپور جذبے اور اعتماد کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
دوسری جانب میزبان متحدہ عرب امارات کی ٹیم ایونٹ میں کوئی کامیابی حاصل نہ کر سکی اور چاروں میچز میں شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔
کرکٹ حلقوں کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان فائنل نہ صرف سنسنی خیز ہوگا، بلکہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ سیریز کا ٹائٹل اپنے نام کیا جا سکے۔