پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان سیریز شیڈول کا اعلان
Pakistan vs South Africa series 2025
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقا کیخلاف آئندہ ہونے والی آل فارمیٹ سیریز کا شیڈول جاری کر دیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آغاز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے میچز سے ہوگا، جس میں پہلا ٹیسٹ میچ 15 اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 20 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔

ٹیسٹ میچز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز ہوں گے۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی 28 اکتوبر کو پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرے اور تیسرے میچز بالترتیب 31 اکتوبر اور یکم نومبر کو لاہور میں شیڈول ہیں۔

سیریز کا سب سے بڑا اور تاریخی لمحہ یہ ہے کہ فیصل آباد 17 برس بعد ون ڈے انٹرنیشنل میچ کی میزبانی کرے گا۔ جنوبی افریقا اور پاکستان کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز 4 سے 8 نومبر تک فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔

اس موقع پر کرکٹ شائقین بے حد پرجوش ہیں کیونکہ فیصل آباد طویل عرصے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی رونقوں سے سجے گا۔

چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد سید نے کہا کہ فیصل آباد میں ون ڈے انٹرنیشنل کی واپسی ایک تاریخی لمحہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ہونے والی یہ آل فارمیٹ سیریز نہ صرف معیاری کرکٹ لے کر آئے گی بلکہ ملک کے مختلف شہروں میں شائقین کو انٹرنیشنل میچ دیکھنے کا شاندار موقع بھی فراہم کرے گی۔