
اپنے ایک پیغام میں قومی کرکٹر آصف علی کا کہنا تھا کہ میں اپنے مداحوں، کوچز اور ساتھی کھلاڑیوں کا ہمیشہ شکر گزار رہوں گا جنہوں نے مشکل اور آسان ہر دور میں میری حوصلہ افزائی کی۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے اہلخانہ اور دوستوں کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے ہر لمحہ میرا ساتھ دیا، خاص طور پر اُس وقت جب ورلڈکپ کے دوران میری ننھی بیٹی انتقال کر گئی تھی۔
قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ یہ میرے کیریئر کا سب سے مشکل وقت تھا لیکن اہلخانہ اور قریبی دوستوں نے مجھے حوصلہ دے کر دوبارہ میدان میں اترنے کی ہمت دی۔
یہ بھی پڑھیں: امام الحق نے چوتھی سنچری جڑ دی
انہوں نے کہا کہ میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے باوجود کھیل کو خیرباد نہیں کہہ رہا بلکہ شوق اور جذبے کے تحت ڈومیسٹک کرکٹ اور مختلف لیگز میں حصہ لیتے رہوں گا تاکہ کرکٹ کے ساتھ اپنا تعلق برقرار رکھ سکوں۔
خیال رہے کہ آصف علی نے اپنے کیریئر کے دوران 21 ایک روزہ میچز اور 58 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی، جارحانہ بیٹر آصف علی نے کئی اہم میچز میں قومی ٹیم کو کامیابیاں دلوانے میں کردار ادا کیا۔
یاد رہے کہ آصف نے پاکستان کے لیے آخری بین الاقوامی میچ 2023 میں کھیلا تھا۔



