امام الحق نے چوتھی سنچری جڑ دی
Imam ul Haq century
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز امام الحق نے انگلینڈ میں جاری کاؤنٹی ون ڈے کپ میں اپنی شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایونٹ کی چوتھی سنچری اسکور کر ڈالی۔

تفصیلات کے مطابق یارکشائر کی نمائندگی کرنے والے امام الحق نے سیمی فائنل میچ میں ہیمپشائر کیخلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ ہیمپشائر نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 304 رنز اسکور کیے تھے۔ بارش کے باعث میچ متاثر ہوا اور ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت یارکشائر کو 41 اوورز میں 254 رنز کا ہدف ملا۔

ہدف کے تعاقب میں امام الحق نے ذمہ دارانہ اننگ کھیلتے ہوئے 97 گیندوں پر 105 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں شاندار اسٹروکس شامل تھے،انہوں نے ایک بار پھر اپنی کلاس کا ثبوت دیا۔ تاہم ان کی عمدہ کارکردگی کے باوجود یارکشائر ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور فتح ہیمپشائر کے حصے میں گئی۔

یہ بھی پڑھیں:12 گیندوں پر 11 چھکے، 1 اوور میں 40 رنز،ویڈیو وائرل

ذہن نشین رہے کہ امام الحق نے اس ایونٹ میں اب تک شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے صرف 8 اننگز میں 688 رنز اسکور کر لیے ہیں، جن میں چار سنچریز اور تین نصف سنچریز شامل ہیں۔ یہ کارکردگی انہیں ایونٹ کے نمایاں ترین بیٹرز میں لا کھڑا کرتی ہے۔

کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ امام الحق کی فارم نہ صرف کاؤنٹی کرکٹ میں ان کی کامیابی کا ثبوت ہے بلکہ یہ آئندہ بین الاقوامی مقابلوں میں بھی پاکستان ٹیم کیلئے خوش آئند ثابت ہو سکتی ہے۔