
کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کے ایک میچ میں ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کرتے ہوئے پولارڈ نے اپنے ٹی 20 کیریئر کے 14 ہزار رنز مکمل کر لیے۔
واضح رہے کہ وہ کرس گیل کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
پولارڈ نے گزشتہ روز کھیلی جانے والی 19 رنز کی اننگز میں ایک چھکا جڑ کر نہ صرف اپنی ٹیم کیلئے اہم کردار ادا کیا، بلکہ ایک اور بڑا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ اس چھکے کے ساتھ ہی وہ سی پی ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی بن گئے۔ اس سے قبل ایون لوئس 203 چھکوں کے ساتھ اس فہرست میں سرفہرست تھے۔
یہ بھی پڑھیں:سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے کرکٹ لیجنڈز کا بڑا فیصلہ
پولارڈ دنیا کے پہلے ایسے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں جنہوں نے ٹی 20 کرکٹ میں 14 ہزار سے زائد رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 300 سے زائد وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔ ان کا یہ کارنامہ انہیں ایک حقیقی آل راؤنڈر کے طور پر دنیا بھر میں منفرد بناتا ہے۔
کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ کیرون پولارڈ کی یہ شاندار کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کیلئے ایک مثال ہے،اور ثابت کرتی ہے کہ محنت، مستقل مزاجی اور جارحانہ کھیل سے دنیا کے بڑے سے بڑے ریکارڈ بھی توڑے جا سکتے ہیں۔
پولارڈ کا یہ سنگ میل نہ صرف ویسٹ انڈیز کرکٹ کیلئے اعزاز ہے بلکہ ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ میں ایک سنہری باب کا اضافہ بھی ہے۔