سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے کرکٹ لیجنڈز کا بڑا فیصلہ
Charity cricket match Peshawar
فائل فوٹو
پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کیلئے قومی کرکٹرز نے میدان میں اترنے کا فیصلہ کر لیا۔

اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ خیبرپختونخوا کے مطابق 30 اگست کو پشاور کے تاریخی ارباب نیاز اسٹیڈیم میں ٹی ٹونٹی چیئرٹی میچ کھیلا جائے گا، جس کی تمام آمدن سیلاب متاثرین میں تقسیم کی جائے گی۔

میچ میں پاکستان کے 11 لیجنڈری کرکٹرز ایکشن میں دکھائی دیں گے جن میں سابق کپتان یونس خان، شاہد خان آفریدی، مصباح الحق، عبدالرزاق، سعید اجمل اور موجودہ اسٹار بابر اعظم سمیت دیگر بڑے نام شامل ہیں، یہ لیجنڈز ٹیم الیون لینڈز کے نام سے پشاور زلمی کیخلاف ٹی 20 مقابلہ کھیلیں گے۔

اس اہم میچ کے انعقاد میں خیبرپختونخوا حکومت اور پشاور زلمی بھرپور تعاون فراہم کر رہے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس چیئرٹی میچ کا مقصد نہ صرف سیلاب متاثرین کیلئے امدادی فنڈز اکٹھے کرنا ہے بلکہ عوام میں اجتماعی تعاون اور یکجہتی کا پیغام بھی دینا ہے۔

دوسری جانب ارباب نیاز اسٹیڈیم میں میچ کیلئے انتظامات زور و شور سے جاری ہیں۔ سیکیورٹی اداروں نے بھی اس موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کرنے کا اعلان کیا ہے، جو کل سے نافذالعمل ہوں گے۔

کرکٹ شائقین کے مطابق یہ میچ ایک تاریخی موقع ہوگا جہاں پاکستان کے کرکٹ ہیروز ایک بار پھر عوام کو تفریح فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انسانیت کی خدمت کیلئے بھی متحد ہو رہے ہیں۔