
تفصیلات کے مطابق اس میں مجموعی طور پر 20 کھلاڑیوں کو پانچ مختلف کیٹیگریز میں شامل کیا گیا ہے۔ اس بار تمام کیٹیگریز میں پلیئرز کے معاوضوں میں 50 فیصد تک کا اضافہ کیا گیا ہے جو خواتین کرکٹرز کے لیے ایک خوش آئند قدم ہے۔
مزیدبرآں پی سی بی نے خواتین کرکٹ کو فروغ دینے اور نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے لیے پہلی بار ایمرجنگ کیٹیگری بھی متعارف کرائی ہے جس میں ایمان فاطمہ اور شوال ذوالفقار جیسی ابھرتی ہوئی کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی رینکنگز کی نمبر ون بولر سعدیہ اقبال کو کیٹیگری اے میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ فاطمہ ثنا، منیبہ علی اور سدرہ امین بھی اس کیٹیگری میں شامل کی گئی ہیں۔
کیٹیگری بی میں عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ اور نشرا سندھو کو کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کی پاکستانی کھلاڑیوں پر ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں شرکت پر پابندی
کیٹیگری سی میں صرف رمین شمیم شامل ہے۔
کیٹیگری ڈی میں 10 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جن میں گل فیروزہ، نجیہ علوی، ناتالیہ پرویز، عمائمہ سہیل، صدف شمس، سدرہ نواز، عروب شاہ، طوبیٰ حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔
یاد رہے کہ پی سی بی کے مطابق یہ فیصلہ خواتین کرکٹ کے معیار کو بلند کرنے، مالی تحفظ فراہم کرنے اور نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع دینے کے لیے کیا گیا ہے۔