
تفصیلات کے مطابق اتوار کو امریکہ کے شہر لاڈرہل، فلوریڈا میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 190 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان نے سیریز کا پہلا میچ 14 رنز سے جیتا جبکہ دوسرا میچ ویسٹ انڈیز نے 2 وکٹوں سے اپنے نام کیا تھا جس کے بعد سیریز فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوئی تھی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے شاندار آغاز کرتے ہوئے 138 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی۔ فرحان نے 53 گیندوں پر 74 رنز بنائے، جن میں پانچ چھکے اور تین چوکے شامل تھے جبکہ صائم ایوب نے 49 گیندوں پر 66 رنز کی اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔
فرحان 17ویں اوور میں شائے ہوپ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد حسن نواز 15 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ محمد حارث صرف 2 رنز پر رن آؤٹ ہوئے اور صائم ایوب اننگز کے 19ویں اوور کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔
یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کی پاکستانی کھلاڑیوں پر ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں شرکت پر پابندی
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز نے تیز آغاز کیا اور ابتدائی 10 گیندوں پر 30 رنز بنا لیے۔ تاہم، جیول اینڈریو 24 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد شائے ہوپ، ایتھنز (60 رنز)، چیس، اور جیسن ہولڈر (0) بھی پویلین لوٹ گئے۔ ویسٹ انڈیز کو آخری 16 گیندوں پر 41 رنز درکار تھے لیکن وہ رفتار برقرار نہ رکھ سکے۔
شیرفین ردرفورڈ نے چھکا لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی مگر وہ 51 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ویسٹ انڈیز مقررہ اوورز میں ہدف حاصل نہ کر سکی اور پاکستان نے میچ 13 رنز سے جیت لیا۔
پاکستان کی شاندار اوپننگ شراکت نے ٹیم کو ابتدا ہی میں مضبوط مقام پر پہنچا دیا تھا۔ اگرچہ مڈل آرڈر میں کچھ کمزوری نظر آئی۔ دوسری طرف ویسٹ انڈیز کی ٹیم اہم وکٹیں جلدی گنوانے کے بعد دباؤ کا شکار ہو گئی۔ پاکستان کی مربوط بولنگ نے آخر میں ویسٹ انڈیز کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔
یاد رہے کہ یہ فتح پاکستان کی بہتر ہوتی فارم کا ثبوت ہے جو آنے والے ٹورنامنٹس کے لیے خوش آئند علامت ہے۔