
ایشین ماسٹرز ویٹ لفٹنگ ایسوسی کے مطابق پاکستان مینز اینڈ ویمینز ایونٹ کی میزبانی کریگا، ورلڈ ماسٹرز ایونٹ کو " گرینڈ پرکس" کا نام دیا گیا ہے جو کہ ویٹ لفٹنگ کی دنیا میں ایک بڑا اعزاز سمجھا جاتا ہے۔
ویٹ لفٹنگ کا عالمی میلہ آئندہ برس فروری میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سجے گا، میگا ایونٹ میں ساتوں براعظموں سے 500 سے زائد ویٹ لفٹرز شرکت کریں گے جن میں اولمپک اور عالمی سطح کے نامور کھلاڑی بھی شامل ہوں گے۔
صدر پاکستان ماسٹرز ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن ارشد خان نے اس کامیابی کو پاکستان کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں میگا ایونٹس کی میزبانی پاکستان کیلئے بڑا اعزاز ہے، میزبانی ملنا ماسٹرز مقابلوں میں پاکستان کی کامیابیوں کا ثمر ہے اور آج دنیا ہمیں اس بڑے ایونٹ کی میزبانی سونپ رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی نے ٹی 20 رینکنگ جاری کردی
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے قطر میں ہونیوالی ایشین ماسٹرز چیمپئن شپ میں 10 میڈلز حاصل کئے تھے، آپریشن " بنیان المرصوص " کی کامیابی کو پوری دنیا میں سراہا گیا، پاک فوج کے ناقابل تسخیر دفاع کے باعث دنیا کا اعتماد پاکستان پر بڑھا ہے۔
ارشد خان نے مزید کہا کہ یہ میگا ایونٹ پاکستان کے لیے معاشی، سیاحتی اور کھیلوں کے فروغ کا ذریعہ بھی بنے گا جس سے دنیا کو پاکستان کی مثبت تصویر دیکھنے کو ملے گی۔