پی سی بی کی اجازت کے بغیر پاکستان کے نام کے استعمال پر پابندی
PCB approval
فائیل فوٹو
(ویب ڈیسک): بورڈ آف گورنرزکے مطابق اب کسی بھی ایونٹ میں پاکستان کے نام کو استعمال کرنے کے لیے پی سی بی سے اجازت لینا لازمی ہوگا۔

ورلڈ چیمپئن شپ لیجنڈز میں پاکستان چیمپئنز کی شمولیت پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ نیز کسی بھی نجی لیگ اور ایونٹ میں "پاکستان" کے نام کے استعمال پر اب پاکستان کرکٹ بورڈ سے اجازت طلب کرنا ضروری کر دیا گیا ہے ۔

واضح رہے کہ یہ فیصلہ پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں کیا گیاہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ فیصلہ بھارتی انکار کے بعد ہوا تاکہ آئندہ مستقبل میں پاکستان کے نام اور وقار کو کسی قسم کے منفی تاثر سے محفوظ رکھا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان، افغانستان اور یو اے ای کے درمیان تین ملکی ٹی ٹوئینٹی سیریز کا اعلان

بورڈ کا مؤقف ہے کہ پاکستان کا نام قومی تشخص ہے اور اس کا غیر سرکاری سطح پر استعمال صرف بورڈ کی منظوری سے  ہونا چاہیے۔ ذرائع کے مطابق اگرچہ موجودہ سیزن میں پاکستان چیمپئنز کو فائنل کھیلنے کی اجازت دے دی گئی ہے تاہم آئندہ اس حوالے سے سختی برتی جائے گی اور اجازت نامہ لازم ہوگا۔

یاد رہے کہ پی سی بی  کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد پاکستان کے نام اور عزت  کو تحفظ دینا ہے تاکہ قومی شناخت کا غلط استعمال نہ ہو اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا  وقار برقرار رکھا جا سکے۔