پہلا ٹی 20: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو شکست دیدی
پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو 14 رنز سے شکست دے دی
لاڈر ہل: (ویب ڈیسک) پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو 14 رنز سے شکست دے دی۔ قومی ٹیم نے سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ نوجوان بلے باز صائم ایوب نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 57 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔

فخر زمان نے بھی 28 رنز بنائے جبکہ حسن نواز نے 24 رنز کی مفید جارحانہ اننگز کھیلی۔ اختتامی لمحات میں فہیم اشرف نے 16، صاحبزادہ فرحان نے 14 رنز بنائے، جبکہ کپتان سلمان علی آغا 11 اور محمد حارث 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ 2025 میں پاکستان اور بھارت کتنی بار مدمقابل ہوں گے؟

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شیمار جوزف نے متاثرکن بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ عقیل حسین اور روماریو شیفرڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز ہی بنا سکی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے جانسن چارلس اور جیول اینڈریو نے 35،35 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی، جبکہ جیسن ہولڈر نے 30 اور شیمار جوزف نے 21 رنز اسکور کیے۔ تاہم پاکستانی بولرز نے مستقل وقفوں سے وکٹیں لیتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو ہدف سے دور رکھا۔

پاکستان کے لیے محمد نواز نے عمدہ سپن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ صائم ایوب نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مجموعی طور پر قومی ٹیم کی فیلڈنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں عمدہ کارکردگی دیکھنے میں آئی۔