
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت نے آخری گروپ میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی تھی ، بھارتی چیمپئنز لیجنڈز ٹیم نے سیمی فائنل میں پاکستان کے خلاف نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے، ڈبلیو سی ایل کے پروگرام میں بھارت نے سیمی فائنل سے دستبرداری اختیار کر لی۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان اور بھارت کا سیمی فائنل کل شیڈول ہے جو پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے چار بجے شروع ہوگا تاہم بھارت نے ایک بار پھر پاکستان لیجنڈز کیخلاف میدان میں اترنے سے انکار کردیا ہے۔
بھارتی لیجنڈز ٹیم کی مینجمنٹ نے ورلڈ لیجنڈز آف کرکٹ انتظامیہ کو اپنے بائیکاٹ کے حوالے سے مطلع کر تے ہوئے کہا کہ پاکستان کیخلاف نہ پہلے کھیلے تھے اور نہ ہی سیمی فائنل کھیلیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھارتی ٹیم نے پاکستان کے خلاف اپنے گروپ مرحلے کے میچ کا بھی بائیکاٹ کیا تھا، بھارت اور پاکستان کے پہلے میچ کو انتظامیہ نے باضابطہ طور پر منسوخ کر دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی ہٹ دھرمی نے پاک بھارت میچ کو منسوخ کرا دیا
گروپ میچ میں بھارت کے پانچ کھلاڑیوں نے شاہد آفریدی کی پاکستانی ٹیم میں موجودگی کو بنیاد بناکر میچ کا بائیکاٹ کیا تھا،بھارتی کھلاڑیوں میں کپتان یوراج سنگھ، ہربھجن سنگھ، سوریش رائنا، یوسف پٹھان اور شیکھر دھون شامل تھے۔
دوسری جانب میچ کی منسوخی پر پاکستانی شائقین کی جانب سے شدید مایوسی اور ناراضی کا اظہار کیا گیا تھا۔
کرکٹ کے دیوانوں کا کہنا تھا کہ کھیل دو قوموں کو جوڑتا ہے مگر بھارتی رویہ اسے تقسیم کر رہا ہے، کھیل کو سیاست سے پاک رکھا جائے تاکہ اس کا اصل حسن برقرار رہے۔