لارڈز ٹیسٹ، بھارت کو سنسنی خیز مقابلے بعد انگلینڈ کے ہاتھوں شکست
انگلینڈ نے لارڈز ٹیسٹ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو شکست دے دی۔
فوٹو بشکریہ کرکٹ ویب سائٹ
لارڈز: (سنو نیوز) انگلینڈ نے لارڈز ٹیسٹ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو شکست دے دی۔

انگلینڈ کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ لارڈز میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے میچ میں نتیجہ آخری روز آخری سیشن میں نکلا،میزبان انگلینڈ نے بھارت کو 22 رنز سے شکست دے کر پانچ میچز کی سیریز میں 1-2 سے برتری حاصل کرلی۔

انگلینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے 193 رنز کا ہدف دیا ، ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 170 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔

میزبان انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں جوئے روٹ 40 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان بین سٹوکس نے 33 رنز کی اننگ کھیلی، زیک کراؤلی 22، بین ڈکٹ 12، اولی پوپ 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ہیری بروک 23، جیمی سمتھ8، کرس ووکس10، برائڈن کریزایک اور شعیب بشیر 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئےجبکہ جوفرا آرچرنے 5 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔

بھارت کی جانب سے واشنگٹن سندر نے 4، جسپریت بمراہ اور محمد سراج نے 2،2 جبکہ نتیش کمار نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں ابتدا میں ہی بھارت کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی، بھارت کی جانب سے رویندرا جدیجا 61اور کے ایل راہول 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ کرن نیئر 14، شبمن گل6، اکاش دیپ ایک اور رشب پنتھ 9 رنز بنا کر چلتے بنے۔

بھارت کے نتیش کمار نے 13، جسپریت بمراہ نے 5 اور محمد سراج نے 4 رنز سکور کیے جبکہ یشوی جیسوال اور واشنگٹن سندر بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔

انگلینڈ کی جانب س دوسری اننگز میں جوفرا آرچر اور بین سٹوکس نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ برائڈن کریز نے 2، کرس ووکس اور شعیب بشیر نے ایک ، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل دونوں ٹیموں نےاپنی پہلی ، پہلی اننگز میں 387 ، 387رنز بنائے تھے۔