پی ایس ایل کے ٹکٹوں کی واپسی کا 16 جون سےآغاز
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دسویں سیزن کے ٹکٹوں کی واپسی 16 جون سے شروع ہو گی۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دسویں سیزن کے ٹکٹوں کی واپسی 16 جون سے شروع ہو گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملتان اور راولپنڈی کے ری شیڈول ہونے والے میچز کی ٹکٹیں واپس لی جائیں گی، ٹکٹوں کی واپسی 16 سے 20 جون تک صبح 10 سے شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ فزیکل ٹکٹوں کی واپسی پی سی بی کے نامزد کردہ ٹی سی ایس ایکسپریس مراکز پر ہوگی،ٹکٹ ہولڈرز کو اصل ٹکٹ اور خریدار کا شناختی کارڈ ساتھ لانا ہوگا، شہری لاہور، ملتان، راولپنڈی، بہاولپور، رحیم یار خان اور اسلام آباد میں مخصوص مراکز پر ٹکٹیں واپس کر سکیں گے۔

پی سی بی کی جانب سے کہا گیا کہ آن لائن خریدی گئی ٹکٹوں کی رقم خودکار طور پر اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی،آن لائن خریداروں کو ایکسپریس سینٹرز جانے کی ضرورت نہیں، کارپوریٹ کلائنٹس کو ای میل کے ذریعے اکاؤنٹ تفصیلات دینا ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 10، بقیہ میچز کے ٹکٹوں کی تفصیلات جاری

یاد رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث پی ایس ایل میچز ملتوی کیے گئے تھے تاہم بعدازاں دونوں ممالک کے مابین سیز فائر ہونے کے بعد پی ایس ایل کے باقی ماندہ میچز کرانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اس وقت پی سی بی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ 5 اور 10 مئی کو ہونے والے میچز کے لیے مکمل ریفنڈ دیا جائے گا، راولپنڈی میں پہلے شیڈولڈ کوالیفائر کا بھی مکمل ریفنڈ دستیاب ہوگا۔