پی ایس ایل 10: بقیہ میچز کے ٹکٹوں کی تفصیلات جاری
 پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے بقیہ ماندہ میچز کے ٹکٹوں کے حوالے سے تفصیلات جاری کردیں۔
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے بقیہ ماندہ میچز کے ٹکٹوں کے حوالے سے تفصیلات جاری کردیں۔

پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل ری شیڈول ہونے کے بعد ایونٹ کے بقیہ میچز 17 سے 25 مئی تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے، 8 ، 9 اور 10 مئی کے میچز کے ٹکٹ نئے شیڈول کے مطابق قابلِ استعمال ہوں گے۔

بورڈ کی جانب سے کہا گیا کہ ہے کہ 9 مئی کا ٹکٹ 18 مئی کے دونوں میچز کے لیے استعمال ہو سکے گا، ایلیمینیٹر اور فائنل کے ٹکٹ نئی تاریخوں کے مطابق قابلِ استعمال ہوں گے جبکہ ٹکٹوں کی فروخت pcb.tcs.com.pk اور ٹی سی ایس مراکز سے جاری ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ 5 اور 10 مئی کے ملتان میچز کے لیے مکمل ریفنڈ دیا جائے گا، راولپنڈی میں پہلے شیڈولڈ کوالیفائر کا بھی مکمل ریفنڈ دستیاب ہوگا، آن لائن خریداروں کو رقم اکاؤنٹس میں منتقل کر دی جائے گی جبکہ فزیکل ٹکٹ واپس کرنے والوں کو ٹی سی ایس ایکسپریس مراکز جانا ہو گا، رقم کی واپسی کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کے باعث پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)10 کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا تھا، تاہم 10 مئی کو دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کی بحالی کا اعلان کیا تھا۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پی ایس ایل 10 کے بقیہ میچز 17 مئی سے دوبارہ شروع ہوں گے جبکہ اس سنسنی خیز کرکٹ ایونٹ کا گرینڈ فائنل 25 مئی کو کھیلا جائے گا۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ چھ ٹیمیں، زیرو خوف، اور خالص مقابلہ، 17 مئی سے پی ایس ایل دوبارہ شروع ہو رہا ہے، 8 زبردست میچز جبکہ25 مئی کو فائنل ہوگا، تمام ٹیموں کے لیے نیک تمنائیں، تمام فرنچائز ٹیموں نے اپنی شرکت کی تصدیق کر دی ہے اور شائقین کو ایک بار پھر میدانوں میں بھرپور کرکٹ ایکشن دیکھنے کو ملے گا۔