قومی کرکٹرز کے عید پر خصوصی پیغامات، قوم کو مبارکباد
پاکستان میں عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی پاکستانی عوام اور امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے عید کی مبارکباد دی
عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے پاکستانی عوام کو عید پیغام جاری کیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) پاکستان میں عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی پاکستانی عوام اور امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے عید کی مبارکباد دی۔

ٹی 20 ٹیم کے کپتان آغا سلمان نے اپنے پیغام میں کہا کہ "میری طرف سے پورے پاکستان کو عید مبارک ہو۔ یہ دن خوشیوں کا ہے، اسے اپنے خاندان کے ساتھ محبت، امن اور خوشی کے ساتھ منائیں۔" انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس موقع پر دوسروں کا بھی خیال رکھیں، خصوصاً ان لوگوں کا جو قربانی نہیں کر سکے۔

ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان سمیت دیگر کھلاڑیوں نے بھی ویڈیوز اور سوشل میڈیا پیغامات کے ذریعے عوام کو عید کی مبارکباد دی۔ رضوان نے کہا: "عید پر خوش رہیں، دوسروں کو بھی خوش رکھیں، اپنا اور اپنے پیاروں کا خاص خیال رکھیں۔"

یہ بھی پڑھیں: محمد رضوان سے ون ڈے ٹیم کی کپتانی واپس لینے کا امکان

دیگر کرکٹرز جنہوں نے عید کی مبارکباد دی ان میں فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، صائم ایوب، محمد حارث، صاحبزادہ فرحان، عامر جمال اور سفیان مقیم شامل ہیں۔ عامر جمال نے اپنے پیغام میں کہا: "عید کی خوشیاں صرف اپنے تک محدود نہ رکھیں، بلکہ انہیں اپنے اردگرد کے لوگوں تک بھی پہنچائیں، یہی حقیقی خوشی ہے۔"

کھلاڑیوں نے اپنے پیغامات میں قربانی کی اصل روح کو اجاگر کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ عید کے موقع پر ایثار، ہمدردی اور صفائی کا خاص خیال رکھیں۔

ادھر ملک بھر میں نماز عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، جس کے بعد شہریوں نے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی۔ انتظامیہ کی جانب سے عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ قربانی کی آلائشیں سڑکوں یا کھلی جگہوں پر نہ پھینکیں، کیونکہ صفائی کی سرکاری ٹیمیں آلائشیں اٹھانے کے لیے متحرک ہیں اور شہریوں کا تعاون درکار ہے۔