
مسٹر گوگل کے نام سے پکارے جانے والے نوجوان اور اسٹائلش بلے باز محمد حارث شاندار کارکردگی کے بعد 210 درجے ترقی حاصل کرتے ہوئے 30ویں نمبر پر جگہ بنا لی ہے۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش کیخلاف تیسرے ٹی 20 میچ میں شاندار سنچری اسکور کرنے والے محمد حارث نے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا۔ ان کی دھواں دار اننگز کے باعث رینکنگ میں غیر معمولی بہتری دیکھی گئی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیٹرز رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ پاکستان کا کوئی بلے باز ٹاپ 10 میں جگہ نہیں بنا سکا۔ بابر اعظم 3 درجے تنزلی کے بعد 12ویں اور محمد رضوان ایک درجے نیچے ہو کر 13ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:تمام انٹرنیشنل کرکٹرز کیلئے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کھیلنا لازمی قرار
دیگر پاکستانی کھلاڑیوں میں حسن نواز نے 57 درجے ترقی حاصل کر کے 46ویں پوزیشن سنبھال لی ہے، صائم ایوب 61ویں اور سلمان آغا 76ویں نمبر پر موجود ہیں۔
بولرز کی رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ پاکستان کا کوئی بولر ٹاپ 10 میں شامل نہیں ہو سکا۔ حارث رؤف 2 درجے تنزلی کے بعد 20ویں اور عباس آفریدی 18 درجے بہتری کے بعد 21ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ شاہین آفریدی 5 درجے تنزلی کے بعد 36ویں نمبر پر آ گئے۔