
جیانی انفانٹینو نے اپنے بیان میں کہا کہ "رونالڈو کی شرکت کا امکان موجود ہے۔ ہم کچھ کلبز سے بات چیت کر رہے ہیں۔ اگر کسی کلب کو دلچسپی ہوئی تو دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔ ابھی ایونٹ میں کچھ وقت باقی ہے، اور یہ صورتحال کافی دلچسپ ہو سکتی ہے۔" ان کے اس بیان نے فٹبال کی دنیا میں ہلچل مچا دی ہے اور اب مختلف کلبز کی نظریں رونالڈو پر جمی ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 427 رنز کے تعاقب میں پوری ٹیم صرف 2 رنز پر ڈھیر
ذرائع کے مطابق برازیل، سعودی عرب اور یورپ کے کچھ بڑے فٹبال کلبز رونالڈو کے ساتھ معاہدہ کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں تاکہ وہ انہیں کلب ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کے لیے میدان میں لا سکیں۔ اگر رونالڈو کسی ٹیم کا حصہ بن جاتے ہیں تو یہ ممکنہ طور پر لیونل میسی اور رونالڈو کے درمیان ایک اور تاریخی مقابلے کا موقع فراہم کرے گا، جس کا شدت سے فٹبال شائقین کو انتظار ہے۔
فیفا کلب ورلڈ کپ 2025 کا انعقاد امریکہ میں 15 جون سے 13 جولائی تک ہوگا، جس میں دنیا بھر سے 32 بہترین کلبز حصہ لیں گے۔ یہ ایونٹ فیفا کی تاریخ کا سب سے بڑا کلب ورلڈ کپ ہوگا، جس میں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔
رونالڈو کی ممکنہ شمولیت نہ صرف ایونٹ کی دلچسپی میں بے پناہ اضافہ کرے گی بلکہ کمرشل اور عالمی میڈیا کوریج کو بھی نئی بلندیوں تک لے جائے گی۔ ان کے مداح اب بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں کہ آیا وہ کسی کلب میں شامل ہو کر ایک بار پھر عالمی اسٹیج پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے یا نہیں۔ اگر ایسا ہوتا ہے، تو یہ فٹبال کی تاریخ کے یادگار لمحوں میں سے ایک ہوگا۔